بت کو بت اور خدا کو جو خدا کہتے ہيں
ہم بھي ديکھيں تو اسے ديکھ کے کيا کہتے ہيں
ہم تصور ميں بھي جو بار ذرا کہتے ہييں
سب ميں اڑ جاتي ہے ظالم اسے کيا کہتے ہیں
جو بھلے ہيں وہ بروں کو بھي بھلا کہتے ہيں
نہ برا سنتے ہيں اچھے نہ برا کہتے ہيں
وقت ملنے کا جو پوچھا تو کہا کہہ ديں گے
غير کا حال جو پوچھا تو کہا کہتے ہيں
نہيں ملتا کسي مضمون سے ہمارا مضمون
طرز اپني ہے جدا سب سے جدا کہتے ہيں
پہلے تو داغ کي تعريف ہوا کرتي تھي
اب خدا جانے وہ کيوں اس کو برا کہتے ہيں