واپسی کی تمام راہیں
کُھلی ہیں اب بھی تمہاری خاطر
یہی ہے بہتر تمہارے حق میں
پلٹ ہی جاؤ
کہ راہیں میری، اجاڑ راہیں
کہ شامیں میری، ویران شامیں
کہ چاروں جانب ہے گُھپ اندھیرا
نہیں کہیں پہ چمکتا سورج
نہ ہے سویرا
ہے چاروں جانب فصیل ایسی
کہ جس کو عبور کرنا
تمہارے بس میں، نہ اپنے بس میں
پلٹ ہی جاؤ
کہ میری راہوں میں منزلوں کا نشاں نہیں ہے
فقط سفر ہے
کٹھن سفر ہے