Dast-e-Taqdeer Se Har Shakhs Nay Hissa Paya,Mere Hissay Main Teray Saath Ki Hasrat Aai...!!

Wednesday, October 5, 2011

اِس عہد کے مزاج سے ڈر جانا چاہیے...


اِس عہد کے مزاج سے ڈر جانا چاہیے
کہنا ہو سچ، تو کہہ کے مُکر جانا چاہیے

جلتی ہیں روز جس کے اِشارے پہ بستیاں
اُس آنکھ تک دھوئیں کا اثر جانا چاہیے

ہم وہ سفر نصیب ہیں، جن کو خبر نہیں
کِس سمت جا رہے ہیں، کِدھر جانا چاہیے

ہارا ہے جسم، حوصلہ ہارا نہیں ابھی
سو اس طرح نہیں ہے کہ مر جانا چاہیے

کہتے ہیں بے حسی یہاں پھرتی ہے رات بھر
دن دن میں اس جگہ سے گزر جانا چاہیے

صحرا کی چاندنی کے بلاوے پر اس طرح
اچھا نہیں ہے جانا، مگر جانا چاہیے

اظہر مسافروں کو ضرورت ہے سائے کی
صحرائے بے شجر میں ٹھہر جانا چاہیے

اظہر ادیب