Dast-e-Taqdeer Se Har Shakhs Nay Hissa Paya,Mere Hissay Main Teray Saath Ki Hasrat Aai...!!

Saturday, October 22, 2011

میرے دل کی زمین پر اب بہاریں غیر لگتی ہیں


میرے دل کی زمین پر اب بہاریں غیر لگتی ہیں
سحر انگیز آنکھوں کی صدائیں غیر لگتی ہیں
جنوں ماتم نہیں کرتا وفائیں زہر لگتی ہیں
نگہبانِ چمن کی آرزوئیں قہر لگتی ہیں
یہ دل دریائے وحشت ہے یہ کب اعجاز کرتا ہے
خزاں کی حکمرانی ہے اُسی پر ناز کرتا ہے
مجھے برباد ہونے تک ذرا سرشار رہنے دو
مجھے ناکام لوگوں میں سرفہرست رہنے دو
یہ جن ہاتھوں کو قدرت ہے
فنا کے استعارے ہیں
رواں خوشبو کا موسم ہے
ستارے ہی ستارے ہیں
ابھی سورج نہیں نکلا ابھی فریاد مت کرنا
ابھی زخموں کو مت چھونا ستم کو یاد مت کرنا
ابھی اک عمر جاری ہے
ذرا وحشت سی طاری ہے
ذرا وحشت کے ڈھلنے تک
مجھے وحشت میں رہنے دو
مجھے ناکام لوگوں میں سرفہرست رہنے دو
مری حاکم معیشت ہے
جسے مغرب نے پالا ہے
سروں پر تاج ان کے ہے
مرے سکوں کی مالا ہے
زباں جب ذکر کرتی ہے
ان ہی کا ورد کرتی ہے
مرے بازار کے آقا
مرے پندار کے آقا
کسی خواہش کے پتھر سے مجسمے مسمار کرتے ہیں
ستمگر چارہ گر بن کر مری بستی میں پھرتے ہیں
مجھے مسمار ہونے تک اسی بستی میں رہنے دو
مجھے ناکام لوگوں میں سرفہرست رہنے دو
یہ جنت بھی علامت ہے
بشارت کی کرامت ہے
گماں کے تیر چلتے ہیں
بہشتی پیر چلتے ہیں
انا کے آستانے پر گماں کو قتل کرتے ہیں
زبان کو قتل کرتے ہیں
مجھے مقتول ہونے تک اسی مقتل میں رہنے دو
مجھے ناکام لوگوں میں سرفہرست رہنے دو
مرے اجداد غافل تھے میری خوشیوں کے قاتل تھے
وراثت کی غلامی نے مجھے آزاد رکھا ہے
وطن میں جو مسافر ہے کہاں آباد رکھا ہے
میں ان کھیتوں کی رونق ہوں
جہاں فصلیں مجھ ہی سے دام لیتی ہیں غریبی تھام لیتی ہیں
قلم کے کارخانے میں میری محنت کا ایندھن ہے
مگر میں لکھ نہیں سکتا
مرے بازار اپنے ہیں
مگر میں بِک نہیں سکتا
مرے ماحول نے مجھ کو مری قامت پہ ٹوکا ہے
مرے احباب نے مجھ کو بڑی حکمت سے رکھا ہے
مرا اسباب لٹنے دو مرے احباب رہنے دو
مجھے ناکام لوگوں میں سرفہرست رہنے دو